فیکٹ چیک: بنگلہ دیشی کرکٹر تمیم اقبال کا دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتقال کی فرضی خبر وائرل
بنگلہ دیش ٹیم کے کرکٹر تمیم اقبال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک وائرل ہو رہی ہے۔ صارفین ان کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے دعوی کر رہے ہیں کہ گزشتہ روز تمیم اقبال کو دل کا دورہ پڑا اور اسی کے بعد ان کا انتقال ہو گیا ہے۔
- By: Umam Noor
- Published: Mar 25, 2025 at 04:27 PM
- Updated: Mar 25, 2025 at 05:25 PM
نئی دہلی (وشواس نیوز)۔ بنگلہ دیش ٹیم کے کرکٹر تمیم اقبال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک وائرل ہو رہی ہے۔ صارفین ان کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے دعوی کر رہے ہیں کہ گزشتہ روز تمیم اقبال کو دل کا دورہ پڑا اور اسی کے بعد ان کا انتقال ہو گیا ہے۔
وشواس نیوز نے اپنی پڑتال میں پایا کہ وائرل کی جا رہی پوسٹ فرضی ہے۔ تمیم اقبال کا انتقال نہیں ہوا ہے، گزشتہ روز انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، حالاںکہ خبروں کے مطابق، ان کی حالت بہتر ہے۔
کیا ہے وائرل پوسٹ میں؟
فیس بک صارف نے وائرل پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ بنگلہ دیش کے سٹار کرکٹر تمیم اقبال اپنے خالق حقیقی سے جا ملے اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے کبیرہ صغیرہ گناہ معاف فرمائے اور لواحقین کو اللہ صبر جمیل عطا فرمائے آمین یارب الــعالمـــین‘‘۔
پوسٹ کے آرکائیو ورژن کو یہاں دیکھیں۔

پڑتال
اپنی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے، سب سے پہلے ہم نے خبر تلاش کی۔ نیوز سرچ کرنے پر متعدد نیوز ویب سائٹس پر تمیم اقبال کے دل کا دورہ پڑنے سے متعلق خبریں ملیں۔ بی بی سی کی 24 مارچ 2025 کی ایک رپورٹ کے مطابق، “بنگلہ دیش کے کرکٹر تمیم اقبال کو میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے بعد فوری طبی امداد دی گئی اور وہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کڑی نگرانی میں ہیں۔ بنگلہ دیش کے سابق کپتان ڈھاکہ پریمیئر ڈویژن لیگ کرکٹ میچ میں ایک ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے شرکت کر رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا‘‘۔
اسٹار اسپورٹ ڈاٹ دی ہندو ویب سائٹ پر 24 مارچ کی رپورٹ کے مطابق، “بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف فزیشن ڈاکٹر دیباشیش چودھری نے کہا تمیم اقبال کا ابتدائی طور پر ایک مقامی ہسپتال میں معائنہ کیا گیا جہاں دل کی ہلکی پریشانی کا شبہ تھا۔ انہیں ڈھاکہ لے جانے کی کوشش کی گئی لیکن ہیلی پیڈ جاتے ہوئے انہیں سینے میں شدید درد ہوا اور انہیں واپس لے جانا پڑا۔ بعد ازاں میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہوئی کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔
ڈھاکہ ٹریبیون نے 24 مارچ کو ہسپتال کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی کہ اقبال کے دل میں سٹینٹ ڈالا گیا ہے۔
الجزیرہ پر آج یعنی 25 مارچ 2025 کو شائع ہونے والی اس معاملے سے متعلق خبر میں دی گئی معلومات کے مطابق، کلب کے عہدیدار طارق الاسلام نے منگل کو کہا کہ تمیم اقبال اب بہتر ہیں، انہوں نے اپنے اہل خانہ سے بات کی اور اسپتال میں تھوڑی سیر بھی کی۔
تمیم اقبال کے دل کے دورے سے متعلق تفصیلی معلومات بنگلہ دیشی نیوز ویب سائٹ ڈیلی سٹار پر 24 مارچ 2025 کو شائع ہونے والی خبر میں پڑھی جا سکتی ہیں۔
وائرل پوسٹ کی تصدیق کے لیے ہم نے بنگلہ دیشی صحافی صادق الرحمان سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ تمیم اقبال کی موت کی خبر جھوٹی ہے، ان کی حالت اب بہتر ہے۔
اس حوالے سے بنگلہ دیش کے افواہیں سکینر کے فیکٹ چیکر سجاد حسین چودھری نے بھی بتایا کہ تمیم اقبال کی حالت اب مستحکم ہے۔
اب باری تھی فرضی پوسٹ کو شیئر کرنے والے فیس بک صارف کی سوشل اسکیننگ کرنے کی۔ ہم نے پایا کہ فیس بک صارف کا تعلق دہلی سے ہے۔
نتیجہ: وشواس نیوز نے اپنی پڑتال میں پایا کہ وائرل کی جا رہی پوسٹ فرضی ہے۔ تمیم اقبال کا انتقال نہیں ہوا ہے، گزشتہ روز انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، حالاںکہ خبروں کے مطابق، ان کی حالت بہتر ہے۔
- Claim Review : تمیم اقبال کو دل کا دورہ پڑا اور اسی کے بعد ان کا انتقال ہو گیا ہے۔
- Claimed By : FB User-Maulana Aftab Partapgarhi
- Fact Check : جھوٹ
مکمل حقیقت جانیں... کسی معلومات یا افواہ پر شک ہو تو ہمیں بتائیں
سب کو بتائیں، سچ جاننا آپ کا حق ہے۔ اگر آپ کو ایسے کسی بھی میسج یا افواہ پر شبہ ہے جس کا اثر معاشرے، ملک یا آپ پر ہو سکتا ہے تو ہمیں بتائیں۔ آپ نیچے دئے گئے کسی بھی ذرائع ابلاغ کے ذریعہ معلومات بھیج سکتے ہیں۔











