فیکٹ چیک: زندہ شخص کو تابوت میں بند کئے جانے کے اس ویڈیو کا نہیں ہے سوڈان کے موجودہ حالات سے تعلق، جنوبی افریقہ کا پرانا ویڈیو وائرل
وشواس نیوز نے اس ویڈیو کی جانچ کی تو پایا کہ یہ دعویٰ فرضی ہے۔ وائرل ویڈیو کا سوڈان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دراصل یہ سال 2016 کا واقعہ ہے جو جنوبی افریقہ میں پیش آیا تھا، جہاں دو افراد نے ایک شخص کو زندہ تابوت میں بند کرنے کی کوشش کی تھی۔ بعد میں عدالت نے دونوں ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی۔
- By: Umam Noor
- Published: Nov 7, 2025 at 05:51 PM
- Updated: Nov 7, 2025 at 05:59 PM
نئی دہلی (وشواس نیوز): سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں کچھ افراد کو زبردستی ایک نوجوان کو تابوت میں ڈالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ مناظر سوڈان کے موجودہ حالات کے ہیں، جہاں مبینہ طور پر لوگوں کو زندہ تابوت میں بند کیا جا رہا ہے۔
وشواس نیوز نے اس ویڈیو کی جانچ کی تو پایا کہ یہ دعویٰ فرضی ہے۔ وائرل ویڈیو کا سوڈان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دراصل یہ سال 2016 کا واقعہ ہے جو جنوبی افریقہ میں پیش آیا تھا، جہاں دو افراد نے ایک شخص کو زندہ تابوت میں بند کرنے کی کوشش کی تھی۔ بعد میں عدالت نے دونوں ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی۔
کیا ہے وائرل پوسٹ میں؟
فیس بک پیج حلقہ یارانہ 2 نومبر کو وائرل پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’سوڈان میں لوگوں کو زندہ تابوت میں بند کر رہے ہیں کیا واقعی میں وہاں پر اتنا ظلم ہے ۔ اللّٰہ تعالیٰ مسلمانوں کو ظالم حکمرانوں سے سے نجات دے آمین‘‘۔
پوسٹ کے آرکائیو ورژن کو یہاں دیکھیں۔

پڑتال
اپنی پڑتال کا آغاز کرتے ہوئے، ہم نے ویڈیو کے مختلف فریمز نکال کر انہیں گوگل لینس کے ذریعے سرچ کیا۔ تلاش کے دوران ہمیں یہی ویڈیو الجزیرہ کی ویب سائٹ پر 25 جنوری 2017 کی ایک خبر میں ملی۔ اس رپورٹ کے مطابق، ’’ایک سیاہ فام شخص کو زبردستی تابوت میں ڈالنے کے الزام میں دو سفید فام جنوبی افریقی مردوں کے مقدمے کی سماعت مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔‘‘ یہ واقعہ ملک میں نسلی تعلقات پر دوبارہ بحث کا باعث بنا تھا۔ خبر میں بتایا گیا کہ ملزمان ولیم اوستھوئزن اور تھیو مارٹنز جیکسن پر نومبر میں حملہ کرنے اور شدید جسمانی نقصان پہنچانے کی نیت سے کارروائی کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جب ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ وکٹر ملوٹشوا کو تابوت میں دھکیلتے اور اسے زندہ جلانے کی دھمکیاں دیتے نظر آ رہے تھے۔
اسی معاملے سے متعلق خبر ہمیں بی بی سی کی ویب سائٹ پر 15 نومبر 2016 کو شائع ہوئے ایک آرٹیکل میں ملی۔ دی گئی معلومات کے مطابق، ’’جنوبی افریقہ میں دو سفید فام افراد کو ایک ویڈیو کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے جس میں ایک سیاہ فام شخص کو زبردستی تابوت میں بند کیا جا رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ان پر اغوا اور سنگین جسمانی نقصان پہنچانے کے ارادے سے حملے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ویڈیو میں ایک شخص کو دھمکی دیتے ہوئے دیکھا گیا کہ وہ اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دے گا۔ متاثرہ شخص، وکٹر ریتھابیلی ملوٹشوا، چیختا ہوا نظر آیا جبکہ حملہ آور سانپ ڈالنے کی بھی دھمکی دے رہے تھے۔ یہ واقعہ مپومالانگا کے علاقے مڈلبرگ کے قریب پیش آیا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے‘‘۔
الجزیرہ انگلز کے یوٹیوب چینل پر 28 اکتوبر 2017 کو اپلوڈ ہوئے ویڈیو کے مطابق، جنوبی افریقہ کے دو سفید فام مردوں کو ایک سیاہ فام شخص کو زبردستی تابوت میں ڈالنے اور اسے زندہ جلانے کی دھمکی دینے کے جرم میں مجموعی طور پر 25 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
بی بی سی کے مطابق، ’’اپریل 2023 میں سوڈان میں فوج اور طاقتور نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان اقتدار کی شدید کشمکش کے بعد خانہ جنگی چھڑ گئی۔ اس لڑائی نے قحط اور مغربی علاقے دارفور میں نسل کشی کے الزامات کو جنم دیا ہے، خصوصاً الفاشر شہر کے شہریوں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں جس پر حال ہی میں آر ایس ایف نے قبضہ کر لیا۔ اب تک ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 1.2 کروڑ لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے ہیں، جسے اقوام متحدہ نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی المیہ قرار دیا ہے‘‘۔
وائرل ویڈیو سے متعلق تصدیق حاصل کرنے کے لئے ہم نے بین الاقوامی معملات کے ماہر سوربھ شاہر سے رابطہ کیا۔ انہوں نے ہمیں بتایا، سوڈان کا یہ ویڈیو نہیں ہے‘۔
اب باری تھی فرضی پوسٹ کو شیئر کرنے والے فیس بک صارف کی سوشل اسکیننگ کرنے کی۔ ہم نے پایا کہ صارف کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے۔
نتیجہ: وشواس نیوز نے اس ویڈیو کی جانچ کی تو پایا کہ یہ دعویٰ فرضی ہے۔ وائرل ویڈیو کا سوڈان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دراصل یہ سال 2016 کا واقعہ ہے جو جنوبی افریقہ میں پیش آیا تھا، جہاں دو افراد نے ایک شخص کو زندہ تابوت میں بند کرنے کی کوشش کی تھی۔ بعد میں عدالت نے دونوں ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی۔
- Claim Review : یہ مناظر سوڈان کے موجودہ حالات کے ہیں، جہاں مبینہ طور پر لوگوں کو زندہ تابوت میں بند کیا جا رہا ہے۔
- Claimed By : فیس بک پیج حلقہ یارانہ
- Fact Check : جھوٹ
مکمل حقیقت جانیں... کسی معلومات یا افواہ پر شک ہو تو ہمیں بتائیں
سب کو بتائیں، سچ جاننا آپ کا حق ہے۔ اگر آپ کو ایسے کسی بھی میسج یا افواہ پر شبہ ہے جس کا اثر معاشرے، ملک یا آپ پر ہو سکتا ہے تو ہمیں بتائیں۔ آپ نیچے دئے گئے کسی بھی ذرائع ابلاغ کے ذریعہ معلومات بھیج سکتے ہیں۔











